کشمیری وفد

اسلام آباد،کشمیری وفد کی سید فخر امام سے ملاقات،مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگا ہ کیا

اسلام آباد(این این آئی)کشمیری رہنماﺅں کے ایک وفد نے پارلیمنٹ کی خصوصی کشمیرکمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام سے اسلام آبا د میں ملاقات کی ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وفد میں تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی ، جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ کے صدر الطاف احمد بٹ ، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سیکرٹری اطلاعات شیخ عبدالمتین ، مشتاق احمد اور سردار عظیم شامل تھے۔

وفد نے جس کی قیادت راجہ فہیم کیانی کر رہے تھے سید فخر امام کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگا ہ کیا ۔ وفد نے چیئرمین کشمیر کمیٹی کوبرطانیہ میں قائم پاکستانی اور کشمیری تنظیموں کی طرف سے برطانیہ سمیت یورپ بھر میںکشمیر کاز کو اجاگر کرنے کے حوالے سے کیہ جانیوالی کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ سید فخر امام نے برطانیہ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن کی کشمیر کے حوالے سے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میںمصروف کشمیریو ں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اپنی ہٹ دھرمی ترک کر کے کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدے پورے کرے ۔ سید فخر امام نے کہا کہ اقوام متحدہ بھی بیدار ہو کر جموںوکشمیر کے حوالے سے اپنی قراردادوںپر عمل درآمد کیلئے کردار ادا کرے تاکہ کشمیری استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکے۔