میثاق ملک

تحریک انصاف کے تمام میثاق ملک اور عوام کے ساتھ ہو چکے ہیں ‘راجہ راشد حفیظ

راولپنڈی(این این آئی) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے تمام میثاق ملک اور عوام کے ساتھ ہو چکے ہیں کسی کی بلیک میلنگ ، دھونس اور دھمکیوں کی پروا کئے بغیر ملک کو کرپشن سے پاک کرنا اور قومی دولت لوٹنے والے قومی مجرموں کو ان کے کئے کی سزا دلوانا تحریک انصاف کی حکومت کا عزم ہے ملک کے وسائل کو عوام پر نچھاور کرکے ان زندگیوں سے محرومیوں اور مجبوریوں کو ختم کرنا ہمارا ایجنڈا ہے انہوں نے یہ بات امر پورہ نئی آبادی ظفر الحق روڈ راولپنڈی میں نئی گیس پائپ لائن کا افتتاح کرنے کے موقع پر وہاں موجود حلقے کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہی وفاقی پارلیمانی سیکریٹری ایم این اے شیخ راشد شفیق اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ کل تک ایک دوسرے کے پیٹ پھاڑنے اور لچھے دار نعروں کے ذریعے عوام کو بے وقوف بنا کر اقتدار کے ایوانوں اور قومی وسائل پر اپنے ااختیارات جمانے کی جدوجہد کرنے والے تمام کرپٹ سیاسی عناصر آج یک جان ہو چکے ہیں یہ اس لئے باہم شیر وشکر ہوئے ہیں کہ لوٹی گئی قومی دولت کا حساب نہ دینا پڑے مگر ایسا نہیں ہوگا

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دیگر شہروں اور دیہی علاقوں سمیت راولپنڈی شہر میں عوام الناس کو جدید زندگی کی ضروریات اور سہولیات بلا تفریق بہم پہنچانے کےلئے ہماری حکومت پرعزم ہے اور انسانی بہبود و ترقی کےلئے بھی حکومت نے نئے بجٹ میں خاطر خواہ رقوم مختص کی ہیں انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر سے ٹریفک کے مسائل حل کرنے کےلئے متعدد منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں جن میں سب سے بڑا منصوبہ نالہ لئی ایکسپریس وے ہے جس کا افتتاح آئیندہ ماہ وزیر اعظم عمران خان خود کریں گے انہوں نے کہا کہ ہاﺅسنگ کالونیوں کے نام پر زرعی زمینوں کو برباد کرنے والوں اور قبضہ مافیاکے خلاف بڑی کاروائیاں ہونے جا رہی ہیں راولپنڈی شہر میں پارکوں سمیت دیگر مقامات پر سرکاری زمینوں پر ماضی میںسیاسی پشت پناہی میں ہونے والے قبضے بھی واگزار کرائے جائیں گے راجہ راشد حفیظ نے امر پورہ نئی آبادی کے عوام کو نئی گیس پائپ لائن ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ مفاد پرست اور کھوکھلے نعروں کی سیاست کرنے والوں اور عملی خدمت کی سیاست کرنے والوں کے درمیان فرق کو دیکھ چکے ہیں اور اب ان کے جھوٹے پراپیگنڈے میں نہ آ ئیں اس موقع پر شیخ راشد شفیق نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد اول تا آخر عوام کی بھلائی ہے ہم ملک کو لٹیروں اور کرپٹ عناصر سے محفوظ بنانے کی جدوجہد کر رہے ہیں جس میں عوام الناس ہمارا ساتھ دیں بعد ازاں صوبائی وزیرراجہ راشد حفیظ نے شیخ راشد شفیق اور معززین علاقہ کے ہمراہ نئی بچھائی جانے والی لائن کو مین گیس پائپ لائن سے جوڑنے کےلئے ٹانکا لگا کر منصوبے کا افتتاح کیا امر پورہ نئی آبادی کے 400 سے زائد گھروں کے باسیوں نے اس منصوبے پر راجہ راشد حفیظ ، شیخ راشد شفیق اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوام ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کی جدوجہد میں پاکستان تحریک انصاف کی بھر پور سپورٹ کرتے ہیں –