جامع پلان

صنعتی شعبہ کی ترقی کے لئے جامع پلان بنالیا ،نئے صنعتی پارک،انڈسٹریل اسٹیٹس اور سپیشل اکنامک زونز بنیں گے

لاہور (این این آئی)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ صنعتی شعبہ کی ترقی کے لئے جامع پلان بنالیاہے جس کے تحت صوبے میں نئے صنعتی پارک،انڈسٹریل اسٹیٹس اور سپشل اکنامک زونز بنائے جائیں گے،صنعت کاروں اورسرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے مرحلہ وار پروگرام کے تحت انڈسٹریل زونز میں ون ونڈو سروس سنٹر بنائے جائیں گے،انڈسٹریل اسٹیٹس میں سٹیٹ آف دی آر ٹ انڈسٹریل انفراسٹرکچر فراہم کیاجائے گا ۔

صوبائی وزیر نے یہ بات اپنے آفس میں صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔صوبائی وزیر نے کہاکہ فیصل آباد انڈسٹریل سٹی میں انفراسٹرکچر کی فراہمی کا آغاز جلد شروع ہوگا ،سابق حکومت کی بدانتظامی کا شکار ہونے والے بڑے معاشی منصوبے قائداعظم اپیرل پارک کو فعال کرنے سے روز گار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے ،نئے انڈسٹریل پلان کے تحت صوبے بھر میں نئی سرمایہ کاری ہوگی اور نئی صنعتیں لگیں گی -جنوبی پنجاب میں نئی صنعتوں کے قیام کی بڑی گنجائش موجود ہے ،نئی صنعتی پالیسی کے اہداف کے حصول کے لئے بھی مربوط انداز سے آگے بڑھیں گے اوران اہداف کے حصول سے صوبے میں صنعتی انقلاب برپا ہوگا۔صوبائی وزیر نے کہاکہ غربت کے خاتمے، برآمدات بڑھانے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے ایس ایم ای سیکٹر کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور چھوٹی و درمیانے درجے کی صنعتو ں کو قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے ۔اس سیکٹر کو فروغ دے کر روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں،ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ کے لئے لون مارک اپ سپورٹ پروگرام اور کریڈٹ گارنٹی سکیم منظور ہوچکی ہے اور ان سکیموں کا جلد اجرا کیاجارہاہے ۔صوبائی وزیر نے کہاکہ ان سکیموں کے ذریعے چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو قرضوں کے حصول کے لئے معاونت فراہم کی جائے گی ۔