ایران اور امریکا

پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی تشویشناک ہے، ڈاکٹر رمیش کمار

اسلام آباد (اے پی پی)تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے تعلقات میں کشیدگی کا اثر خطے پر پڑے گا‘ ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کے موقع پر جو ممالک موجود تھے وہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں‘ اس حوالے سے روس اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بہت تشویش ہے۔

امریکا سپرپاور ملک ہے‘ ایران ان حالات کو سمجھتے ہوئے اپنے نظریہ پر بھی غور کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایران امریکا کے درمیان جوہری معاہدہ کے موقع پر جو ممالک موجود تھے وہ آج ایران اور امریکا کے درمیان موجودہ صورتحال میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر رمیش نے کہا کہ ایران پاکستان کا دوست ہمسایہ ملک ہے۔ ایران نے بھی سب سے پہلے پاکستان کو تسلیم کیا۔ پاکستان دونوں ممالک پر واضح کرتا ہے کہ بات چیت کے ذریعے آگے بڑھیں جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔