بابراعوان

نندی پاور پراجیکٹ ریفرنس میں پی ٹی آئی رہنما بابراعوان بری

اسلام آباد (لاہور نامہ) احتساب عدالت نے نندی پاور پراجیکٹ ریفرنس میں پی ٹی آئی رہنما بابراعوان کو بری کردیا ہے۔ احتساب عدالت میں نندی پاور پراجیکٹ ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کو کیس سے بری کرنے کا فیصلہ سنایا جب کہ سابق وزیراعظم اور رہنما پیپلزپارٹی راجہ پرویز اشرف کی بریت کی درخواست مسترد کردی ہے۔

احتساب عدالت میں بابر اعوان، راجہ پرویز اشرف، ریاض کیانی، شمائلہ محمود اور ڈاکٹر ریاض محمود نے بریت کی درخواستیں دائر کررکھی تھیں جس پر عدالت نے بابر اعوان اور جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی کی بریت کی درخواستیں منظور کرلیں۔ واضح رہے کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کی تکمیل میں تاخیر پر بابر اعوان اور پرویز اشرف کے خلاف نیب ریفرنس بنایا گیا تھا، ریفرنس کے مطابق تمام ملزمان کی غفلت کی وجہ سے نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر ہوئی جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو 27 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔