شاردا پیٹھ

پاکستان ہندوکونسل نے وادی نیلم میں شاردا پیٹھ کی بحالی کیلئے آزاد کشمیر حکومت کوتجاویز پیش کردیں

اسلام آباد( این این آئی )پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے بھارت پر زور دیا ہے کہ مسلمانوں کے قدیم تاریخی مذہبی مقامات کو کھولنے کے انتظامات کیے جائیں۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان ہندو کونسل کے اعلیٰ سطحی وفدنے وزیراعظم آزاد جموں کشمیر راجا فاروق حیدر خان کی خصوصی دعوت پرقدیمی مندرشاردا پیٹھ کی بحالی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد اپنی تجاویز پیش کردی ہیں۔ڈاکٹر رمیش وانکوانی کا کہنا تھا کہ دنیا کی خوبصورت ترین وادی نیلم میں واقع علم و دانش کی ہندو دیوی شاردا سے منسوب شاردا پیٹھ کا تاریخی مقام زمانہ قدیم میںایک نمایاں تعلیم درس گاہ تھا جہاں دنیا بھر سے لوگ علم کی پیاس بجھانے آتے تھے۔

انہوں نے امریکہ کی جانب سے مذہبی آزادی کے حوالے سے جاری کردہ رپورٹ پر اپنے تبصرے میں کہا کہ موجودہ ملکی قیادت نے کرتارپور راہداری اور شادرا پیٹھ کی بحالی سے ثابت کردیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و امان کے قیام، علاقائی سلامتی، مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کیلئے پ±رعزم ہے، انہوں نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے مثبت اقدامات کے جواب میں وہاں بھی مسلمانوں کے تاریخی مذہبی مقامات کو بحال کرتے ہوئے مذہبی آزادی کا خاص خیال رکھا جائے۔