صادق آباد (صباح نیوز) رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد کے علاقے ولہار ریلوے اسٹیشن پر اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 67 زخمی ہوگئے. وزیر اعظم عمران خان اوروزیر ریلوے شیخ رشید نے ٹرین حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس ولہار ریلوے اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی اے ایس پی ڈاکٹر حفیظ الرحمان بگٹی اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
ترجمان پولیس کے مطابق تصادم کے نتیجے میں اکبر ایکسپریس کی متعدد بوگیاں الٹ گئیں جبکہ حادثے میں اکبر ایکسپریس کے انجن کو شدید نقصان پہنچا ہے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں.
حادثے کے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو جناح اور شیخ زائد اسپتال منتقل کیا گیا،زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان جمیل احمد جمیل نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ قیمتی جانوں کے تحفظ کے لئے تمام انسانی وسائل بروئے کارلا رہی ہے.
ضلع بھر سے 50 سے زائد سرکاری و نجی ایمبولینسزنے ریسکیو آپریشن میں حصہ لےا۔ شیخ زید اسپتال میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جبکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال اور شیخ زید اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ڈی پی او عمر سلامت کی جانب سے زخمیوں کی جانیں بچانے کے لیے عوام الناس سے خون عطیات دینے کی اپیل کی گئی ہے۔
ڈی پی او رحیم یار خان عمر سلامت کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ٹرینوں کے درمیان افسوسناک حادثہ سگنل بروقت تبدیل نہ کرنے کے باعث پیش آیا.
مسافر ٹرین کے لوپ لائن پر آنے کی وجہ بظاہر نظر نہیں آرہی، ضلعی پولیس محکمہ ریلوے کے ساتھ مل کر حادثہ کے محرکات جاننے کے لئے تفتیش کر رہی ہے، اس کے علاوہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بھی تشکیل دی جا رہی ہے، جلد حادثے کے محرکات بارے حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔