آئندہ سماعت

آشیانہ اقبال سکینڈل کیس کی سماعت 7اگست تک ملتوی

لاہور( این این آئی ) احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال سکینڈل کیس کی سماعت 7اگست تک ملتوی کر دی جبکہ سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے عدالت کے روبرو موقف اپنایا کہ خدائے بزرگ و برتر کی قسم کھا کے کہتا ہوں کہ یہ جھوٹا کیس ہے۔ احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج وسیم اختر نے کیس کی سماعت کی۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف عدالت کے رو برو پیش ہوئے جبکہ فواد حسن فواد سمیت دیگر ملزمان کو بھی پیش کیا گیا ۔شہباز شریف نے عدالت کے رو برو موقف اپنایا کہ انتہائی نیک نیتی محنت اور لگن سے اس صوبے کی خدمت کی،خدائے بزرگ و برتر کی قسم کھا کے کہتا ہوں کہ یہ جھوٹا کیس ہے،یہ کیس وقت کا ضیاع ہے جھوٹ کا پلندہ ہے ۔

میں نے اور میری حکومت نے فراڈ پکڑا،جنہوں نے فراڈ کیا ان کو بی آر ٹی پشاور کا ٹھیکہ دے دیا گیا،بی آر ٹی کا ٹھیکہ بلیک لسٹڈ کمپنی کو دیا گیا ،اس کمپنی کو میری حکومت نے بلیک لسٹ کیا تھا،فراڈ کرنے والی کمپنی کو پشاور میں شاہی مہمان بنایا گیا۔نیب پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ شہباز شریف کا عدالت میں بیانیہ وقت کا ضیاع ہے ، کارروائی آگے بڑھانی چاہیے۔ جس پر شہباز شریف نے کہا کہ وقت آپ ضائع کر رہے ہیں ۔ جج نے آشیانہ ہاوسنگ سکینڈل کیس کی سماعت 7اگست تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پرمزیدگواہوں کو شہادتوں کے لئے طلب کر لیا۔شہباز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر پارٹی رہنماﺅں اور کارکنوں کی بڑی تعداد اظہار یکجہتی کے لئے موجود تھی ۔