لاہور( این این آئی )صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد کی زیرصدارت محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا،جس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عاصم الطاف، ڈاکٹر اختر رشید، عرفان میمن،ڈاکٹر ناصرسرفراز، ڈاکٹر عمرمختار،ڈاکٹر کرار حسین، ڈاکٹر سعیداختراور ڈاکٹر نعیم مجیدنے شرکت کی۔وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس میںہیلتھ ریفارمز روڈ میپ کے تحت پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عاصم الطاف نے وزیر صحت کو پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی ماہانہ کارکردگی بارے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب بھر کے ہسپتالوںمیں دوران زچگی اموات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کیلئے ادویات کی فراہمی تسلی بخش ہے۔
ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات میں کافی بہتری نظر آ رہی ہے۔ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی بائیومیٹرک مشینوں پر حاضری بہتر ہوئی ہے۔ پنجاب بھر کی لیڈی ہیلتھ ورکرز کے تربیتی کورسز کروائے جائیں گے۔وزیر صحت پنجاب نے مزیدکہاکہ ہر ضلعے کا سی ای او تمام ہسپتالوں کا روزانہ کی بنیاد پر دورہ کرکے تفصیلی سہولیات بارے جائزہ رپورٹ بھجوائے۔تمام ہسپتالوں میں پرائمری ہیلتھ سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ ماں اور بچہ کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔پنجاب کے ہسپتالوں سے ریفرل سسٹم ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ایم ایس حضرات بچہ وارڈ ، آپریشن تھیٹر، لیبر روم،ایمرجنسی، آﺅٹ ڈور اور دیگر اہم شعبہ جات میں سہولیات کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں۔دیہی اور بنیادی صحت مراکزمیں بہترین طبی سہولیات کو یقینی بنایا جار ہا ہے۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز دیہی علاقوں کی خواتین کو بچوں میں پائی جانے والی بیماریوں سے بچاﺅ بارے آگاہی فراہم کر رہی ہیں۔دیہی اور بنیادی مراکز میں آنے والے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔