بھارتی پراپیگنڈے

ایف سولہ طیاروں سے متعلق امریکی اعلان بھارتی پراپیگنڈے کی ہار ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایف سولہ طیاروں سے متعلق امریکی اعلان پلوامہ کے بعد بھارتی پراپیگنڈے کی ہار اور ہمارے اصولی موقف کی جیت ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں ہفتہ کو اپنے کا ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کے ایف سولہ طیاروں کیلئے تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کا اعلان کردیا ہے ۔

طیاروں کیلئے 125 ملین ڈالر کی سپورٹ فراہم کی جائے گی ۔ دورہ امریکہ دونوں ممالک میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ، معاشی تعاون بڑھانے میں سنگ میل اور خطے میں مثبت ماحول پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔پوری دنیا نے وزیراعظم کے موقف کی تائید کی ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان درست سمت میں نئی منزلوں کی جانب گامزن ہے۔ اپنے پیغام میں انھوں نے مزیدکہا ہے کہ ملکی معیشت کی مضبوطی،قومی ترقی اور اصلاحات کا عمل تبدیلی لا رہا ہے۔ ایف سولہ طیاروں کے لیے امریکہ کی جانب سے تکنیکی اور لاجسٹکس سپورٹ کا اعلان پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے۔یہ اعلان پلوامہ کے بعد بھارتی پراپیگنڈے کی ہار اور ہمارے اصولی موقف کی جیت ہے۔