پاکستانی "ہیرو

ناروے: سفید فام دہشتگرد کو پکڑنے والے پاکستانی "ہیرو” قرار

اسلام آباد،اوسلو (صباح نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اسلامو فوبیا کے واقعات دنیا کے امن و استحکام کے لیے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔ناورے میں مسجد پر حملے کی ناکام کوشش کا حوالہ دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے اپنے بیا ن میں کہا کہ پاک ائیر فورس کے ریٹائرڈ افسر محمد رفیق نے ناروے میں حملہ آور کو دبوچا اور قیمتی جانیں بچائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ محمد رفیق نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا اور ایک اور کرائسٹ چرچ واقعہ ہونے سے بچایا۔ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم محمد رفیق کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔وزیر خارجہ نے بتایا کہ جس وقت حملہ آور مسجد کے اندر داخل ہوا اس وقت لوگ عید کی نماز کی تیاریوں میں مصروف تھے، ایک پاکستانی کی نے ہمت سے حملہ آور کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے کہا کہ مساجد اور عبادت گاہوں پر حملے انتہائی قابل مذمت اور قابل تشویش ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے واقعات دنیا کے امن و استحکام کے لیے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔ناروے میں سفید فام دہشت گرد کو پکڑنے والے پاکستانی کو ہیرو کا درجہ دے دیا گیا، حاجی رفیق نے اوسلو کی مسجد میں داخل ہونے والے دہشت گرد کو پکڑ لیا تھا۔

حاجی رفیق کا تعلق پاکستان کے ضلع گجرات کے شاہ پور گاوں سے ہے، پولیس کے آنے تک حاجی رفیق اور محمد اقبال نے دہشتگرد کو پکڑے رکھا۔حاجی رفیق نے دہشتگرد کو پکڑا جبکہ محمد اقبال نے حملہ آور کے سر پر ضرب لگائی، دہشتگرد یونیفارم میں ملبوس اور خود کو گولیوں سے بچانے والا لباس پہنے ہوا تھا.