لاہور (صباح نیوز) صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ اور وز یر اعلیٰ پنجاب کے سیاسی معاون سید رفاقت علی گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی سے خائف بھارت کے مودی سرکار کی طاقت کا نشہ جلد ہرن ہونے والاہے۔ اس نے کشمیر پر اپنے ناپاک عزائم اور فاش غلطی کے ذریعے دنیا کے امن و سکون کو غلطی پر لگا دیا ہے۔
اس کی رسوا ئی کا وقت شروع ہو چکا ہے۔بھارتی عوام بھی اس کی اس غلطی پر پشیمان ہیں۔آج بھارت کی آزادی کا دن پاکستان اور دنیا بھر میںبلیک ڈے کے طور پر منایا جا رہا ہے جو اس بات کی عکاسی ہے کہ مودی سرکار نے جو مظلوم کشمیریوں کے ساتھ مذموم حرکت کی ہے وہ نا قابل تلا فی جرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معصوم اور مظلوم شہریوں کو کس بات کی سزا دی جا رہی ہے کہ پوری وادی کشمیر کو قید خانہ بنا کر رکھ دیا گیا ہے اور انہیں کسی قسم کی خوراک و پانی تک مہیا نہیں کیاجا رہا ہے۔ پاکستان کا بچہ بچہ وزیر اعظم پاکستان کے ساتھ کشمیری مظلوم عوام کے حق میں آوازبلند کرنے والے سفیر بنیں گے۔بھارت کی طرف سے کشمیر میں کسی بھی قسم کی کاروائی بھارت کو بہت مہنگی پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز یوم آزادی پاکستان کا دن کشمیری عوام کے ساتھ مل کر یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منا یا اور آج بھارت کا یوم آزادی سیاہ دن کے طور پر پاکستان کے چپہ چپہ میں منایا جا رہا ہے۔ کشمیر ی عوام تنہا نہیں ہیں ۔ہم ان کے ساتھ ہر دم شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
بھارت کا ہر حربہ ناکام بنا دیں گے۔کشمیر کی تقدیر بدلنے کا وقت آگیا ہے و ہ دن دور نہیں جب کشمیرآزاد ہو گا۔ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم کشمیر کی آزادی تک ہر محاذپر لڑیں گے ،کشمیر ی عوام پر کبھی آنچ نہ آنے دیں گے ا وردشمنوں کو ہر محاذ پر عبرت ناک شکست دیں گے۔