کراچی (صباح نیوز) شہر قائد میں پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کی جانب سے شروع کی جانے والی کلین کراچی مہم روک دی گئی۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں قائم نالوں پہ کھڑی بھاری مشینری کی واپسی شروع ہوگئی ہے اور ایف ڈبلیو او کا عملہ بھی واپس جا رہا ہے۔وفاقی وزیر علی زیدی کے ترجمان نے اس ضمن میں بتایا کہ کلین کراچی مہم کو گورنر سندھ عمران اسماعیل کی خصوصی ہدایت پر روکا گیا ہے۔
انہوں نے بطور خاص ہدایات دی ہیں کہ محرم الحرام تک جاری کام کو روک دیا جائے۔ترجمان وفاقی وزیرعلی زیدی کے مطابق اب تک جتنا کچرا بھی برساتی نالوں سے نکالا گیا ہے اسے لینڈ فل سائیٹ تک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کی جانب سے 5 اگست 2019 کو کلین کراچی مہم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا تھا۔
کلین کراچی مہم ایک ایسے وقت میں روکی گئی کہ جب شہر قائد کو شدید بارشوں کا سامنا ہے اور سڑکیں جگہ جگہ تالاب اور ندی نالوں کا منظر پیش کررہی ہیں۔کراچی میں صفائی کے ناقص انتظاما ت کے باعث محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو سخت مشکلات درپیش ہیں۔ اس ضمن میں مختلف تنظیمیں صوبائی حکومت اور شہری انتظامیہ سے اپیلیں کررہی ہیں کہ وہ صفائی ستھرائی کے انتظامات پر توجہ دیں۔