الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مریم نواز شریف کو پارٹی نائب صدر کے عہدے سے ہٹانے کے لئے دائر درخواست مسترد کر دی۔ الیکشن کمیشن نے قرار دیا ہے کہ مریم نواز شریف پارٹی نائب صدر کے عہدے پر برقرار رہیں گی۔ الیکشن کمیشن نے مریم نواز کو پارٹی عہدہ رکھنے کے لئے اہل قرار دے دیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے گزشتہ روز فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چار ارکان قومی اسمبلی ملیکہ علی بخاری، کنول شوزب، میاں فرخ حبیب اور جویریہ ظفر نے مریم نواز شریف کی بطور پارٹی نائب صدر تقرری کو چیلنج کیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے حسن مان اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کی جانب سے بیرسٹر جہانگیر خان جدون اور مریم نواز شریف کی جانب سے بیرسٹر ظفر اللہ خان بطور وکیل پیش ہوئے۔ الیکشن کمیشن نے قرار دیاہے مریم نواز پارٹی نائب صدر برقرار رہ سکتی ہیں۔