ہمایوں اختر خان

پاکستان اپنے ذاتی مفادات کیلئے ڈیلی ویجز کی طرز پر سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا : ہمایوں اختر خان

لاہور (لاہور نامہ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش گھمبیر چیلنجز کے حل کیلئے اپوزیشن غیر مشروط طو رپر حکومت کے ساتھ بیٹھے خوش آمدید کہیں گے ،شہباز شریف نے میثاق معیشت کا بڑا ڈھنڈورا پیٹا لیکن آج ان کی زبان سے کبھی اس کا تذکرہ نہیں سنا ،ماحولیات سے متعلق مسائل سے نمٹنے کیلئے ایک دہائی قبل جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت تھی لیکن اس میں غفلت برتی گئی ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کو مشکلات کے بھنور سے نکالنا ہے تو سب کو اپنی سیاست کو پس پشت ڈال کر قومی مفادات کو ترجیح دینا ہو گی ۔ موجودہ حکومت کو اپنی سیاست سے زیادہ ملک کا مفاد عزیز ہے اور غیر معمولی فیصلوں کے ذریعے اس کا ثبوت بھی دیا ہے ۔

حکومت عوام کی مشکلا ت سے بخوبی آگاہ ہے لیکن نظام میں سرائیت کر جانے والے بیگاڑ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے اس کی سر جری ضروری ہے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن ملک کو درپیش گھمبیر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے حکومت کے ساتھ بیٹھے لیکن اس کے لئے کوئی شرائط نہیں ہونی چاہئیں ۔ شہباز شریف نے میثاق معیشت کا بڑا شور ڈال رکھا تھا لیکن اب انہوں نے مکمل خاموشی اختیار کر لی ہے،

پاکستان اپنے مفادات کے لئے ڈیلی ویجز کی طرز پر سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا بلکہ اس کیلئے پائیدار اور طویل المدت پالیسیاں بنانا ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام آئندہ عام انتخابات میں کسے منتخب اور کسے مسترد کریں گے اس کا فیصلہ کرپشن سے لتھڑی ہوئی اپوزیشن نے نہیں بلکہ عوام نے کرنا ہے اور بطورسیاسی اور جمہوری جماعت ہمیں عوام کا ہر فیصلہ منظور ہوگا۔