ہمایوں اختر

مشکل وقت ختم ہونے کے قریب،عوام کو ریلیف ملے گا،ہمایوں اختر

لاہور (لاہور نامہ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مشکل وقت ختم ہونے کے قریب ہے اور بتدریج عوام کو ریلیف ملنا شروع ہو جائے گا ،سابقہ حکومتوں میں قومی خزانے کو لوٹا نہیں بلکہ نوچا گیا جس کا خمیازہ آج قوم بھگت رہی ہے ، وزیر اعظم عمران خان نے گراں فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 131سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں اور حلقہ کی عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سابقہ حکومت نے اپنی سیاست کو بچانے کیلئے معیشت کی کاسمیٹیکس سرجری کی ،ڈالر کو مصنوعی طریقے سے منجمد رکھا گیا جس نے معیشت کا سوا ستیا ناس کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے مشکل فیصلوں سے روپیہ اور زر مبادلہ کے ذخائر مستحکم ہورہے ہیں جبکہ تجارتی خسارے میں ریکارڈ کمی او ربرآمدات میں اضافہ ہو رہا ، یہ تمام اشاریے معیشت کی بہتری کی جانب گامزن ہونے کی علامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کو ریلیف دینے کیلئے سنجیدہ ہیں اور اس کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں، عوام کا استحصال کرنے والوں کا کڑا محاسبہ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔مشکل وقت ختم ہونے کے قریب ہے اور بتدریج عوام کو ریلیف ملنا شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قرضوں کے اژدھا سے چھٹکارا حاصل کئے بغیر ترقی کا پہیہ پوری رفتار سے نہیں گھوم سکتا اسی لئے حکومت مشکلات سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ قرضوں کی ادائیگی کیلئے بھی پیشرفت کر رہی ہے ، رواں مالی سال کے چار ماہ کے دوران سابقہ حکومت کے لئے گئے قرضوں کی مد میں 2.1ارب ڈالر ادا کئے گئے ہیں ۔ اپوزیشن جھوٹے پراپیگنڈے سے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتی۔