لاہور( لاہور نامہ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے لاہور جنرل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین کو ٹیلی فون کرکے اُن کی خیریت دریافت کی جنہوں نے حال ہی میں کورونا وائرس سے صحت یابی کے بعد اپنی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔
چوہدری محمد سرور نے ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین کو اچھی صحت اور دراز ی عمر کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ کوورڈ 19ایک عالمی وبا ہے جس سے دنیا بھر میں کروڑوں لوگ متاثر ہوئے ہیں اور لاکھوں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے جس سے عالمی معیشت کو بھی نا قابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔
چوہدری محمد سرور نے مزید کہا کہ پاکستان بالخصوص پنجاب میں میڈیکل کے شعبے سے وابستہ ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر کورونا وائرس میں مبتلا دکھی انسانیت کے علاج معالجے اور جان بچانے میں مصروف ہیں اور ہم سب اس جہاد میں مصروف افراد کو جنہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاہورجنرل ہسپتال ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا شکریہ ادا کیا اور انہیں بتایا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کو بہتر سے بہتر علاج معالجہ اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں .
جس کے لئے ہر ممکن اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لئے جنرل ہسپتال میں ایچ ڈی یو اور آئی سی یو وارڈ مختص کیے گئے ہیں جہاں ڈاکٹر ز و طبی عملہ 24گھنٹے ڈیوٹی پر موجود ہے۔ ایم ایس نے مزید بتایا کہ ہسپتال انتظامیہ کی یہ بھی کوشش ہے کہ دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج معالجے کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے جس کے لئے انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔