قائداعظم بزنس پارک

قائداعظم بزنس پارک 1536 ایکڑ اراضی پر مشتمل ہوگا، 5 لاکھ سے زائد افراد کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے

لاہور(لاہورنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت جب اقتدار میں آئی تو اس وقت صرف 3 سپیشل اکنامک زون تھے۔

وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قلیل مدت میں 13 سپیشل اکنامک زونز پر کام شروع کیا ہے۔

وفاقی حکومت نے 7 سپیشل اکنامک زونز کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں۔

پنجاب میں آج دوسرے سپیشل اکنامک زون ”قائداعظم بزنس پارک“ کے منصوبے پر آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل فیصل آباد میں سپیشل اکنامک زون شروع کیا گیا۔

انشاء اللہ ہم بہت جلد بہاولپور میں بھی سپیشل اکنامک زون بنائیں گے جو جنوبی پنجاب کا پہلا سپیشل اکنامک زون ہوگا۔

وہ آج وزیراعلیٰ آفس میں قائداعظم بزنس پارک کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائداعظم بزنس پارک 1536 ایکڑ اراضی پر مشتمل ہوگا اور 5 لاکھ سے زائد افراد کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ 200 ایکڑ اراضی پر صنعتی کارکنوں کیلئے رہائش کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

نیشنل ہائی وے اور موٹر وے کے قریب ہونے کی وجہ سے قائداعظم بزنس پارک کا منصوبہ خصوصی اہمیت اختیار کر گیا ہے اور اس سے سامان کی نقل و حمل میں آسانی ہوگی۔

قائداعظم بزنس پارک میں 653 صنعتی یونٹس قائم ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا کے باعث دنیا بھر کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے لیکن وزیراعظم عمران خان ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ پنجاب میں کورونا کی وجہ سے متاثرہ کاروباری طبقے کو ریلیف دینے کیلئے 56 ارب روپے کا ٹیکس ریلیف دیا گیا جو کہ ایک تاریخ ہے۔ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے تحت متعدد چھوٹے ٹیکس ختم کئے۔

پنجاب سمال انڈسٹریز کارپویشن نے نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کیلئے 12 ارب روپے مختص کئے ہیں۔ اس سکیم کے تحت نوجوانوں کو 25 ہزار سے 50 لاکھ روپے تک آسان شرائط پر قرضہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 121سال کے بعد پنجاب کے دوسرے بڑے آبپاشی منصوبے جلالپور کینال پراجیکٹ کاآغاز کیاگیا۔

پنجاب میں گریٹر تھل کینال کے منصوبے پر کام بھی شروع ہوچکا ہے۔ کس عمر خان کینال کا منصوبہ بھی جلد شروع کردیا جائے گا۔ خانکی بیراج کا بھی افتتاح ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن اوررہنمائی میں پنجاب ترقی کے سفر پر گامزن ہے۔

اپوزیشن سر توڑ کوشش کے باوجود موجودہ حکومت کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہیں لاسکی۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہر سطح پر شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد پنجاب میں مزید میگا پراجیکس بھی آئیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن،رہنمائی اورپالیسیوں کے مطابق معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور عوام میں بھی خوشحالی آئے گی۔