اسلام آباد (لاہورنامہ) ملک بھر کے علما و مشائخ نے عوام الناس سے واجب قربانی ادا کرنے اور نفلی قربانی کی رقم مستحقین میں تقسیم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے
کہ قربانی ایک عبادت ہے اور صاحب نصاب کو ایک قربانی ادا کرنی ہے اور نفلی قربانی کی رقم اگر وہ مستحقین میں تقسیم کر دے تو اللہ کریم سے زیادہ اجر پانے والا ہو گا ۔
علما و مشائخ نے اپیل کی ہے کہ کرونا وائرس سے احتیاط کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے معتبر اداروں سے آن لائن جانور خریدیں ،
اجتماعی قربانی میں حصہ لیں یا پھر جانور خریداری کے وقت تمام تر احتیاطی تدابیر کو مد نظر رکھیں۔
متحدہ علما بورڈ کے دفتر میں ہونے والی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علما کونسل و متحدہ علما بورڈ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ،
سید ضیا اللہ شاہ بخاری ، مولانا ضیا الحق نقشبندی ، علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا محمد رفیق جامی، علامہ حافظ کاظم رضا ، مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا زبیر عابد ،
مولانا ظفر اللہ شفیق ، مفتی حفیظ الرحمن ، مفتی فلک شیر ، مولانا محمد خان لغاری ، پیر قطب الدین فریدی، مولانا اسلم صدیقی ، مولانا شمس الحق ، مولانا عبد القیوم
فاروقی ، مولانا قاری عبد الحکیم اطہر ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا اسید الرحمن سعید، مولانا یاسر علوی ، مولانا عمار بلوچ ، مولانا عثمان بیگ فاروقی اور دیگر نے
کہا کہ عید الاضحی اہل اسلام کی عقیدت اور احترام کے ایام ہیں
اور کرونا کی وبا کی وجہ سے احتیاط لازم ہے ۔ لہذا عوام الناس اجتماعی قربانی اور آن لائن قربانی کیلئے معتبر اداروں کے ذریعے قربانی کر سکتے ہیںاور صاحب نصاب ایک قربانی کے علاوہ نفلی قربانی جو برائے ایصال ثواب یا دیگر نیک مقاصد کیلئے ہوتی ہے کی رقم اگر مستحقین میں تقسیم کر دیں
تو عند اللہ زیادہ اجر کے مستحق ہوں گے ان شا اللہ ۔ علما و مشائخ نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ عید کے ایام میں اور عام حالات میں بھی صفائی کا خصوصی خیال رکھیں ،
حکومت کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کر یں ۔ رہنماﺅں نے کہا کہ عید الاضحی کی نماز بھی عید الافطر کی طرح احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہو گی
کھالوں اور اجتماعی قربانی کے معاملات میں مدارس و مساجد کو کوئی پریشانی نہیں ہو گی ۔
گذشتہ سالوں میں جن مدارس کو این او سی دئیے گئے ہیں ان کو اس سال بھی اجازت ملے گی ۔