کراچی(لاہورنامہ) قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے (این ڈی ایم اے)نے کراچی میں موجود ندی نالوں کی صفائی کا کام شروع کردیا ہے۔
فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن مو سی کالونی کے قریب گجر نالے کی صفائی میں مصروف ہے۔
ہیوی مشینری کے ذریعے گجر نالے پر 4مقامات پر صفائی کا کام جاری ہے۔
نالوں کے کنارے جمع کچرے کو بھی لینڈ فل سائٹ تک پہنچا یا جا رہا ہے۔
پہلے مرحلے میں کراچی کے 38بڑے نالوں کی صفائی کا کام مکمل کیا جائے گا۔ نالوں سے کچرا نکالنے کے بعد تہہ میں موجود مٹی بھی نکالی جائے گی۔
دوسرے مرحلے میں 368چھوٹے نالوں کی صفائی کا کام شروع کیا جائے گا۔
نالوں کے چوکنگ پوائنٹس کو 7 اگست تک کلیئر کرنے کی ڈیڈ لائن رکھی گئی ہے۔
چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ کراچی میں روزانہ بیس ہزار ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے .
اور شہر میں ندی نالوں کے اطراف بہت تجاوزات ہیں جس کی وجہ سے پانی کا نکاس نہیں ہو پاتا۔
انہوں نے کہا کہ سات سے نو اگست تک کراچی میں بارش متوقع ہے اور ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اس بار شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ سندھ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی مالی تکنیکی اور قانونی امداد کی جائے گی جب کہ دیرپا منصوبہ بندی کیلئے مرکزی اور صوبائی حکومت کو مل بیٹھنا ہو گا۔