لاہور(لاہورنامہ) پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) بورڈ کا 70 واں اجلاس وزیرہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمودالرشید کی زیرصدارت منعقد ہوا۔
سیکرٹری ہاؤسنگ ندیم محبوب، ڈی جی پھاٹا ظریف ستی، جنرل سیکرٹری ہاؤسنگ ٹاسک فورس عاطف ایوب اور بلڈرز و ڈویلپرز کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔
میاں محمودالرشید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہاؤسنگ سے متعلق پالیسیاں سٹیک ہولڈر ز کی مشاورت سے مرتب کی جا رہی ہیں اور اس ضمن میں مختلف اداروں کے ہاؤسنگ سے متعلقہ قوانین میں مجوزہ ترامیم اور ان کو آسان اور ہم آہنگ بنانے کے حوالے سے بھی سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیاگیاہے۔
انہوں نے کہاکہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں بھی پرائیویٹ بلڈرز اور ڈویلپپرز کو بھرپور ریلیف فراہم کیا جار ہا ہے۔
اجلاس کے دوران اس بات کا فیصلہ بھی کیاگیا کہ فاٹا کے ڈائریکٹرز ہفتے میں ایک روز اپنے متعلقہ اضلاع کا دورہ کریں گے تاکہ عوام کو سہولیات کی فراہمی کے علاوہ ضلعی دفاتر میں سرکاری امور کی بہتر طریقے سے انجام دہی یقینی بنائی جاسکے۔
اجلاس کے دوران پھاٹا بورڈ کی گذشتہ میٹنگ کے فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ کے علاوہ ان کی توثیق بھی کی گئی جبکہ مختلف اضلاع میں پھاٹا کے زیرانتظام ایریا ڈویلپمنٹ سکیموں کی منظوری سے متعلق بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔