پی ایس ایل: پی سی بی کی جانب سے ”دورے“ بند

کراچی: پی ایس ایل کے دوران پی سی بی کی جانب سے”دورے“ بند کر دیے گئے جبکہ گورننگ بورڈ ارکان کو بھی دبئی نہیں بھیجا جائےگا۔چیئرمین احسان مانی نے پی سی بی کی جانب سے”دورے“ بند کر دیے ہیں، البتہ فیصلے کا اطلاق اپنے ملازمین پر نہیں ہوگا، ذرائع کے مطابق جمعرات کو لاہور میں گورننگ بورڈ میٹنگ کے دوران ایک رکن نے چیئرمین سے پوچھا کہ پی ایس ایل کیلیے دبئی بھیجنے کا کیا پلان ہے؟۔جواب میں احسان مانی نے کہا کہ بورڈ کسی کو اسپانسر نہیں کرے گا، البتہ گورننگ بورڈ ارکان اگر اپنے خرچ پر جانا چاہیں تو انھیں میچ کے اعزازی پاسز فراہم کر دیے جائیں گے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اس بار کسی صحافی کو بھی پی سی بی کی جانب سے یو اے ای نہیں بھیجا جائےگا، اس سے قبل ابتدائی تینوں ایڈیشنز میں 40 سے 50 صحافی دبئی گئے تھے،دیگر شعبوں کی بعض معروف شخصیات اور گورننگ بورڈ کے ارکان کو بھی بھیجا گیا تھا، دوسری جانب حالیہ فیصلے کا اطلاق پی سی بی ملازمین پر نہیں ہوگا۔ذرائع کے مطابق بہتر پوسٹ پر موجود تقریباً ہر آفیشل یو اے ای کا دورہ کرے گا،کچھ روز قبل چیف سلیکٹر انضمام الحق کو کوئی کام نہ ہونے کے باوجود جنوبی افریقہ بھیجا گیا ۔