احسان مانی نے بچت کی پالیسی اپناتے ہوئے اپنی کئی مراعات میں کمی کردی ہے
بورڈ آف گورنرز کے اراکین بھی بورڈ کے خرچے پر بیرون ملک نہیں جاسکیں گے
لاہور(صباح نیوز)پاکستان کرکٹ میں ہر وقت شہ سرخیوں میں رہنے والے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ :احسان مانی تنخواہ کے بغیر خدمات انجام دے رہے ہیں، انہوں نے اپنی بچت کی پالیسی اپناتے ہوئے اپنی کئی مراعات میں کمی کردی ہے۔بورڈ آف گورنرز کے اراکین بھی بورڈ کے خرچے پر بیرون ملک نہیں جاسکیں گے۔ اس طرح بورڈ آف گورنرز کی عیاشیاں بھی ختم ہوگئی ہیں۔اس سے قبل سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور شہریار خان بھی بلامعاوضہ کام کرتے تھے۔ احسان مانی نے اپنے اوپر آنے والے تمام اخراجات کی تفصیلات ویب سائٹ پر لانے کا اعلان کررکھا ہے۔ ہر تین ماہ کے اخرجات پی سی بی کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ تاہم انہیں فائیو اسٹار لگژری کی تمام دیگر خدمات حاصل ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے سرپرست اعلی اور وزیراعظم عمران خان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق صدر اور پیشے کے اعتبار سے چارٹرڈ اکانٹنٹ احسان مانی کو گورننگ بورڈ میں نامزد کیا تھا۔ احسان مانی انتخابات کی رسمی کارروائی سے گذر کر تین سال کیلئے نجم سیٹھی کی جگہ چیئرمین بنے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق احسان مانی پی سی بی سے تنخواہ نہیں لیتے، لاہور میں انہوں نے دو لاکھ روپے ماہانہ پر فلیٹ کرائے پر لیا ہے۔ اس فلیٹ کی تزین و آرائش کیلئے دو دن قبل گورننگ بورڈ نے 20لاکھ روپے کی منظوری دی لیکن تزین و آرائش کرانے کیلئے احسان مانی کو فلیٹ میں کام کرانے کا بل پیش کرنا ہوگا۔یہ بل پی سی بی کی آڈٹ کمیٹی سے منظوری ملنے کے بعد پاس ہوگا۔ جب وہ بورڈ کو خیر باد کہیں گے تو فلیٹ کے زیر استعمال فرنیچر اور دیگر اشیا بورڈ کے پاس چلی جائیں گی۔ خریدا ہوا سارا سامان بورڈ کی ملکیت ہوگااحسان مانی اور منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی)وسیم خان کیلئے دو نئی 1800سی سی گاڑیاں ہیں۔
Load/Hide Comments