لاہور (لاہورنامہ) گورنر ہاوس لاہور میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الہی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی.
جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قائم مقام گورنر چوہدری پرویز الہی سے زراعت کے شعبے کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور اس میں بہتری لانے کے لیے اصلاحات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ زراعت ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ملک کی معاشی ترقی کا دارومدار بھی زراعت پر ہے۔
انھوں نے تجویز دی کہ اسلام آباد میں بنائی گئی زراعت کمیٹی کی طرز پر پنجاب میں بھی زراعت کمیٹی تشکیل دی جائے اور کسانوں کو آسان قرضے اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔
ملاقات میں قائم مقام گورنر چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ دس برسوں میں زراعت کے شعبہ کی ترویج و ترقی کے لیے مناسب کام نہ ہوسکا جس کی وجہ سے آج یہ شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے۔
مشترکہ محنت اور تجربے سے ہم اس شعبہ میں بہتری لا سکتے ہیں۔ ملاقات میں کرونا کی صورتحال سے متعلق بھی گفتگو کی گئی اور اس سلسلے میں حکومتی سطح پر کیے گئے اقدامات کو سراہا گیا۔