اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیر اعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگروام میں پیشرفت پر ماہانہ بریفنگ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے معاون خصوصی عثمان ڈار کو ہر ماہ بعد جائزہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔
وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار اور مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے ملاقات کی.
ملاقات میں پروگرام کے تحت نوجوانوان میں رقم کی تقسیم کا عمل تیز کرنے پر مشاورت کی گئی ۔
ذرائع کے مطابق چند دنوں میں 30 ہزار سے زائد نوجوانوں نے رقم کے حصول کیلئے درخواستیں دیں۔
بتایا گیا کہ نوجوانوں کی سہولت کیلئے 21 بینک رقم کی تقسیم کا عمل مکمل کریں گے,اب تک 1 ارب روپے کی رقم نوجوانوں میں تقسیم کی جا چکی ہے،
مزید 53 ارب روپے سے زائد رقم کے حصول کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ رقم کی تقسیم کا عمل مزید تیز اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے،
کورونا کے ملکی معیشت پر منفی اثرات ختم کرنے کیلئے یہ پروگرام بہت ضروری ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ معیشت اوپر اٹھانے کیلئے نوجوانوں کو اسٹیک ہولڈر بنانا ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو ہر وہ سہولت دیں گے جس سے وہ روزگار کے مواقع حاصل کریں۔
وزیر اعظم نے کہاکہ پروگرام کے دوران رقم کی تقسیم کے عمل پر مکمل نظر رکھیں،شفافیت اور میرٹ پر کسی سطح پر بھی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام کی خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔
عثمان ڈار نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام سے 10 لاکھ نوجوانوں کو روزگار ملے گا،نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے پہلے کسی حکومت نے سنجیدہ کوشش نہیں کی۔
حفیظ شیخ نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام کا دائرہ کار پہلے سے وسیع کر دیا گیا ہے،نوجوانوں کیلئے آسان شرائط پر رقم کے حصول کا شاندار موقع ہے۔