لاہور (لاہورنامہ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک میں ایک طویل عرصے سے مالی،سیاسی، نظریاتی کرپشن ہے۔
ہر طرح کی کرپشن پہلے بھی تھی اور اب بھی ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی.
کرپشن فری پاکستان ہمارا ہدف ہے اور ہم بہترین آپشن ہیں۔
موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے ملک کے نظریے اور جغرافیہ سے بے وفائی کی ہے۔
جہاں بھی جماعت اسلامی کو نمائندگی ملی وہاں کے عوام اس کی کارکردگی پر فخر کرتے ہیں ۔
جماعت اسلامی کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ہیں یہاں ووٹر آزاد نہیں ہے ، یہاں جمہوریت نہیں ہے ،یہاں پورا نظام یرغمال ہے ۔پیپلز پارٹی ، ن لیگ اور پی ٹی آئی مکمل نا کام ہوئی ہے۔
پی ٹی آئی صرف دو سال میں ناکامی کے ورلڈ کپ کی حق دار بن چکی ہے۔ ہم کسی بھی ایسی تحریک اور کوشش کا ساتھ نہیں دیں گے جس سے پھر یہی لوگ اقتدار میں آ جائیں۔
اب جہاں ظلم ہو گا وہاں جماعت اسلامی اس کو چیلنج کرے گی ۔
قومی اور لوکل مسائل پر عوام کی زور دار نمائندگی کا حق ادا کریںگے۔جماعت اسلامی 12ربیع الاول کے مبارک دن سے ملک میں نظام مصطفی ﷺکے نفاذ اور سود کے خاتمہ کی تحریک شروع کرے گی اورموٹروے واقعہ کے خلاف 17ستمبر کو وزیر اعلیٰ ہاو س پنجاب کے سامنے دھرنا دیا جائے گا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں منعقدہ سیاسی ،انتخابی اور تربیتی ورکشاپ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تربیت گاہ سے سیکرٹری جنرل امیر العظیم ،لیاقت بلوچ ،پلڈاٹ کے بلال محبوب صوفی ،سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشادخان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔
سینیٹر سراج الحق نے کارکنوں کو بلدیاتی انتخابات کے ساتھ ساتھ جنرل الیکشن کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ حکومت زیادہ دیر چلنے والی نہیں۔
جس حکومت کے دور میں معصوم بچیوں ،ماﺅں بہنوں اوربیٹیوں کی عزتیں محفوظ نہ رہیں اللہ تعالیٰ بھی اسے زیادہ مہلت نہیں دیتا ۔
موٹروے پر خاتون سے زیادتی یہ پہلا واقعہ نہیں ،یہ ملک بھر میں ہونے والے واقعات کا تسلسل ہے لیکن حکومت سوئی ہوئی ہے ۔
جماعت اسلامی ان واقعات پر خاموش نہیں رہ سکتی ۔اب اس ظلم و جبر اور استحصال کے نظام کو ختم ہونا ہے ۔