لاہور(لاہورنامہ) لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے مریم نواز کی نیب پیش کے موقع ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں رانا ثنااللہ، کیپٹن ر صفدر سمیت مقدمے میں نامزد ستائیس لیگی رہنماوں اور کارکنوں کی عبوری ضمانت میں چھ اکتوبر تک توسیع کردی۔
کیپٹن( ر) صفدر کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی بحالی کے لئے تحریک شروع ہوچکی ہے۔
مریم نواز کی نیب آفس پیشی پر حملہ اور ہنگامہ آرائی کیس میں نامزد مسلم لیگ ن کے رہنماں اور کارکنوں کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔
رانا ثنااللہ، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور سیف الملوک کھوکھر سمیت ستائیس لیگی رہنما اور کارکن انسداد دہشتگرد لاہور کی خصوصی عدالت پیش ہوئے۔
لیگی رہنماں کی جانب سے فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے تمام لیگی رہنماوں کی عبوری ضمانت میں چھ اکتوبر تک توسیع کردی۔
عدالتی کارروائی کے بعد کیپٹن ر صفدر کا کہنا تھا کہ وہ نیب نوٹسز سے ڈرنے والے نہیں۔ جمہوریت کی آزادی کے لئے تحریک کا آغاز ہوچکا ہے۔
اب کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
لیگی رہنماوں کی پیشی کے موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر موجود تھی۔
کارکنوں کا کہنا تھا کہ وہ اس مشکل وقت میں اپنے قائدین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔