لاہور( لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے تنبیہ کے باوجود بار بار پارٹی نظم وضبط کی خلاف ورزی کرنے والے پانچ اراکین پنجاب اسمبلی کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے حتمی کارروائی شروع کر دی ،
ایف اے ٹی ایف کی ووٹنگ میں غیر حاضر رہنے والے اراکین کو بھی نوٹس جاری کردئیے گئے ۔
مسلم لیگ (ن) نے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والے پارٹی کے رکن اسمبلی اشرف انصاری، جلیل شرقپوری، فیصل نیازی، نشاط ڈاہا اور مولوی غیاث الدین کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے باضابطہ کارروائی شروع کر دی ہے ۔
قیادت کی منظوری کے بعد مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ کے دستخطوں سے کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔
ایف اے ٹی ایف ووٹنگ کے دوران نہ آنے والے پارٹی ارکان سینٹ اور قومی اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے۔راحیلہ مگسی، کلثوم پروین، دلاور خان اور شمیم آفریدی کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔
سینیٹ میں پارٹی ارکان کو شوکاز نوٹس ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف راجہ ظفرالحق کے دستخطوں سے جاری کئے گئے ہیں۔
احسن اقبال کے مطابق شوکاز کی کارروائی کے بعد اگلے مرحلے کا فیصلہ ہوگا۔