اسلام آباد(لاہورنامہ) پاک بحریہ کے نئے امیرالبحر ایڈمرل محمدامجدخان نیازی آج( بدھ) کو پاک بحریہ کی کمان سنبھالیں گے ،
ایڈمرل محمد امجد خان نیازی پاک بحریہ کے 22ویں سربراہ ہیں۔
ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے 1985 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا اور پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی شمشیر حاصل کی۔
ایڈمرل محمد امجد خان نیازی متعدد کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں،
وہ کمانڈانٹ نیوی وار کالج لاہور، کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈر کراچی کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔
نئے امیر البحر چیف آف دی نیول اسٹاف کے پرنسپل سیکرٹری، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ ایوالیو ایشن)اور ڈائریکٹر جنرل نیول انٹیلی جنس کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں.
جبکہ چیف آف اسٹا ف(آپر یشنز)کے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔
پیشہ ورانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں انہیں ہلال امتیاز (ملٹری)اور ستارہ بسالت سے نوازا جا چکا ہے .
حکومت فرانس کی جانب سے شیویلئے (نائٹ)میڈل سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
خیال رہے امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی تین سالہ مدت مکمل ہونے پر سبکدوش ہوجائیں گے،
امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا شاندار کیرئیر 40سالہ خدمات پر محیط ہے۔