بلاول بھٹو زرداری

حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی، اب عمران خان کو گھر جانا پڑے گا، بلاول بھٹو زرداری

کراچی (لاہورنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی،

اب عمران خان کو گھر جانا پڑے گا،حکومت کے خلاف سیاسی جماعتیں اکٹھی ہو چکی ہیں ،

اس حکومت کو ختم کر کے رہیں گے، ملک اب اس حکومت کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتا،

حکومت کے دن گنے جا چکے، ہم صوبے کا ایک ٹکڑا بھی غیر قانونی طریقے سے لینے نہیں دیں گے،

حکومت اپنی غلطی تسلیم کرے اور آرڈیننس واپس لے، پوری کابینہ کرپٹ ہے،

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت سب سے زیادہ کرپٹ ہے، ملک کی تاریخ میں عمران خان سب سے زیادہ کرپٹ ترین ہیں.

پنجاب میں عثمان بزدار ،دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ کرپٹ نہیں ہیں،آج عمران خان فوج سے اس لئے خوش ہیں کہ وہ رائٹ سائیڈ پر ہیں،

کل جب رائٹ لائیڈ پر نہیں ہوں گے تو پھر ہم دیکھ لیں گے،

مولانا فضل الرحمان کی اپنی سیاست اور اپنی جماعت ہے جبکہ دیگر جماعتیں اپنے منشور کے مطابق اپنی تحریکیں چلا رہی ہیں۔

جمعہ کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک معاشی ، خارجہ، صحت اور ہر جگہ اس لئے ناکام رہا ہے کیونکہ ایک نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ کو مسلط کر دیا گیا ہے،

سلیکٹڈ میں کوئی صلاحیت نہیں ہے کہ وہ ملکی مسائل کو حل کر سکے، سندھ کے حقوق پر حملے کی مذمت کرتے ہیں اور برداشت نہیں کرتے ہیں غیر قانونی آئی اینڈ آرڈیننس کو فی الفور واپس لیاجائے۔

بلاول زرداری نے کہا کہ ملک اب اس حکومت کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتا، عمران خان کو اب گھبرانا ہو گا،

آزاد کشمیر کے وزیراعظم پر غداری کا مقدمہ بنانا اس کی سب سے بڑی غلطی ہے، عوام کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پہلے دن سے اس حکومت اور سہولت کاروں کے خلاف آواز اٹھائی ہے، ہم جمہوری اور قومی حکومت چاہتے ہیں، اس حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں، پارلیمان کو ربڑ سٹیمپ بنادیا گیا ہے،

آمرانہ طریقہ کار سپیکر قومی اسمبلی نے اپنایا ہے،

انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے خلاف سیاسی جماعتیں اکٹھی ہو چکی ہیں اور اس حکومت کو ختم کر کے رہیں گے،

ہم عوامی مسائل حل کریں گے، ہم نے اب اپنے عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے، حکومت کو صوبوں پر قبضے کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو فوج کو سیاسی طور پر استعمال نہیں کرنا چاہیے،

ہر جگہ فوج کو نہیں لانا چاہیے کیونکہ فوج کسی ایک جماعت کی فوج نہیں ،

یہ ساری جماعتوں اور پورے پاکستان کی فوج ہے، عمران خان کو فوری طور پر اپنے سیاسی بیان بازی کو بند کرنا چاہیے جبکہ فوج کاکام نہیں ہے کہ کرپشن کو دیکھے،

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے احتجاج کی وجہ سے حکومت اور حکومت کے سہولت کار گھبرائے ہوئے ہیں اور بوکھلا گئے ہیں کیونکہ ہم جمہوری نظام چاہتے ہیں اور بھرپور احتجاج کےلئے تیار ہیں،

ہم سب جیل جانے اور جھوٹے الزامات کا سامنا کرنے کےلئے تیار ہیں، ہمیں کرکٹر اور مشرف کے باقیات سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے، ہمارے پاس استعفوں اور ایوان سے جانے کا آپشن موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا ہے، خورشید شاہ کو بھی نیب میں سیاسی قیدی بنایا گیا جن کو فوراً رہا کرنا چاہیے۔