الخدمت فاونڈیشن

الخدمت فاونڈیشن کے زیر اہتمام اسٹریٹ چلڈرن کے لئے فری ہیلتھ اسکریننگ کیمپ کا انعقاد

راولپنڈی(لاہور نامہ) الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت اسٹریٹ چلڈرن کے لئے ایک روزہ ہیلتھ سکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔

کیمپ میں الخدمت ایجوکیشن پروگرام کے تحت چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز میں زیر تعلیم300سے زائد بچوں کاتجربہ کار ماہرین طب کی زیرِ نگرانیٍ مفت طبی معائنہ کیا گیا،

اس کے ساتھ ساتھ مختلف بیماریوں میں مبتلا بچوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔

الخدمت کے خالد وقاص کی زیر نگرانی منعقدہ میڈیکل کیمپ کا افتتاح ایڈیشنل سیکرٹری سوشل ویلفیئر حبیب اللہ عارف نے کیا جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدرارباب عبدالحسیب،ضلعی میڈیا منیجر نورالواحدجدون 7 چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز میں زیرتعلیم بچوں سمیت الخدمت کے دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی صدر محمد عبدالشکور نے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں اسٹریٹ چلڈرن کی تعداد لاکھوں میں ہے .

جو حکومتی عدم توجہ اور معاشرتی رویوں کے باعث گھروں اور تعلیمی اداروں میں جانے کی بجائے سڑکوں پر اپنا وقت گزارنے پر مجبور ہیں۔ہمیں ایک زندہ معاشرے کے طور پر ان کا خیال رکھنا چاہیئے۔

اس ضرورت کے پیشِ نظر الخدمت فاؤنڈیشن کے ایجوکیشن پروگرام کے تحت ملک بھر میں 35چائلڈ پروٹیکشن قائم کئے گئے ہیں جن میں 15سو سے زائد بچوں کوزیورِ تعلیم سے روشناس کروانے کے لئے رسمی و غیر رسمی تعلیم، صحت کی بنیادی سہولیات وطبی معائنے، حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کے ساتھ ساتھ نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں،

جبکہ قریباََ 4سو بچے یہاں سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد سکولوں میں باقاعدہ داخلہ لے چکے ہیں۔

خالد وقاص نے خیبرپختونخوا کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ اس وقت پشاور مردان،کوہاٹ،خیبر کے علاوہ حال ہی میں شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور عنقریب صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی یہ سنٹرز قائم کئے جائیں گے۔