پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس

پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس کی سماعت29 جنوری تک ملتوی، خواجہ برادران پیش

لاہور( لاہورنامہ )احتساب عدالت نے پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس کی سماعت29 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے نیب کے گواہ کو جرح کے لئے دوبارہ طلب کرلیا۔

خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن کے روبرو پیش ہوئے۔

فاضل عدالت نے خواجہ سعد رفیق سے سوال کیا آپ کو میری آواز آ رہی ہے؟ سعد رفیق نے کہا کہ جی ماشااللہ آج آپ چمک رہے ہیں۔فاضل جج نے استفسار کیا آپ کے وکیل کہاں ہیں ۔

جس پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میرے وکلاء ابھی ٹریفک میں موجود ہیں 10 منٹ تک آئیں گے۔ عدالت نے کہا کہ وکیل کے 6 منٹ 12 منٹ کے برابر ہوتے ہیں جس کے بعد عدالت نے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دی ۔

وکلاء کے پیش ہونے پر دوبارہ سماعت کا آغازہوا ۔ دوران سماعت امجد پرویز ایڈووکیٹ نے گواہوں کے بیان پر جرح کی۔نیب کے گواہ منیجر امپیریل گارڈن محمد سلیم نے بتایا کہ فروری دو ہزار سترہ میں پیراگون اور امپیریل گارڈن کا اجلاس ندیم ضیا کے کہنے پر ہوا .

جس میں خواجہ سعد رفیق ثالث کے طور پر پیش ہوئے۔نیب کے دوسری گواہ اسلم گجر تحصیلدار نے بتایا کہ موضع پھلروان کا ستر سے اسی فیصد رقبہ پیراگون سٹی میں شامل ہوچکا ہے۔

محکمہ مال شہری آبادی کے پلاٹ کی مالیت کا تخمینہ لگوانے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔امجد پرویز ایڈووکیٹ نے بتایا کہ نیب نے تخمینہ پٹواری سے لگوایا ہوا ہے۔

گواہ نے بتایا کہ خواجہ سعد اور سلمان رفیق نے چالیس کنال زمین، پچاس کنال زمین کے بدلے پیراگون سٹی سے حاصل کی۔ خواجہ برادران اسی زمین کے قابض ہیں جو انہیں پیراگون سٹی سے تبادلے میں ملی جبکہ چالیس کنال اراضی کو پیراگون نے بیس پلاٹ بناکر نمبر لگائے۔

عدالت نے گرین سٹی کے مالک حاجی رفیق کے قبرستان پر قبضہ سے متعلق مصدقہ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت انتیس جنوری تک ملتوی کردی۔

عدالت نے نیب کے گواہ اسلم گجر کو آئندہ سماعت پر جرح کے لئے دوبارہ طلب کرلیا۔