وزیراعلیٰ عثمان بزدار

ترقی کے سفر کو پسماندہ علاقوں تک لے کر گئے ہیں،وزیراعلیٰ عثمان بزدار

لاہور( لاہورنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں رکن قومی اسمبلی عامر طلال گوپانگ اوررکن پنجاب اسمبلی سید محمد سبطین رضا نے ملاقات کی۔

منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ترقی کے سفر کو پسماندہ علاقوں تک لے کر گئے ہیں۔

وسائل کارخ نظر انداز شہروں کی جانب موڑا ہے۔سابق دور کی طرح صرف مخصوص شہروں کوترقیاتی فنڈز نہیں دیئے۔ہر شہر کی یکساں ترقی کیلئے ٹھوس پالیسی اپنائی ہے ۔اپوزیشن نے کھوکھلے نعرے لگا کرسب کو مایوس کیا۔

نازک حالات میں منفی سیاست کرنے والوں کوہوش کے ناخن لینے چاہئے.

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے قوم کی مشکلات میں اضافہ کیاہے ۔یہ عناصر ذاتی مفادات کی خاطرپاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔عوام کی خدمت ہی ہمارا ایجنڈا ہے۔

صوبے کے عوام کو سہولتیں پہنچانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ فعال ہے اورلوگوں کے کام مقامی طورپر ہورہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ماضی کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلایا۔

ماضی میں من پسند علاقوں پروسائل صرف نہ کیے جاتے تو آج جنوبی پنجاب ترقی یافتہ ہوتا۔سابق حکمران جنوبی پنجاب صوبے کے نام پر اپنی سیاست چمکاتے رہے اورسابق دور میں جنوبی پنجاب کے عوام پسماندگی اور غربت کی چکی میں پستے رہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جنوبی پنجاب میں پہلی بارپائیدار ترقی کانیا دورشروع ہوا ہے اوراب جنوبی پنجاب کے لئے مخصوص فنڈ صرف وہاں ہی خرچ ہوںگے۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کو عملی جامہ پہنانے کا کریڈٹ تحریک انصاف کی حکومت کو جاتا ہے ـ