لاہور(لاہور نامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہاہے کہ اپنااپناذاتی مفاد ہونے کی وجہ سے پی ڈی ایم اتحادمیں شامل جماعتیں الگ الگ منزل کی مسافر ہیں ،
یہاں تک اطلاعات آرہی ہیں کہ مولانافضل الرحمان نے اتحاد کی سربراہی چھوڑنے کی بھی دھمکی دی ہے،پارٹی کی قیادت کے معاملے پر مریم صفدرکو اس وقت شہباز شریف اورحمزہ شہبازسے خوف ہے ۔
ہمایو ں ا ختر خان نے کہا کہ ہم توآج بھی کہتے ہیں کہ حزب اختلاف نیب قانون میں ضروری تبدیلیوں کے لئے ہمارے ساتھ بیٹھے لیکن یہ بیٹھک احتساب کے ادارے کو”ٹوتھ لیس ”کرنے اورکرپشن کیسزمیں ریلیف سے مشروط نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جسٹس(ر) عظمت سعید اعلیٰ عدلیہ کے معززجج کے طور پر ریٹائر ہوئے ہیں اورمسلم لیگ (ن) کو ہرکسی کی ذات پر کیچڑاچھالنے کاوطیرہ چھوڑناہوگا۔یک رکنی کمیشن براڈشیٹ سے2000ء میں ہونے والے معاہدے مختلف ادوارمیںاسے ساڑھے تین ملین ڈالرزکی ادائیگی، معاہدے کی منسوخی اوراب28ملین ڈالرکی ادائیگی جس کا ہم سے کوئی لینا دینا نہیں اس کے بارے میں حقائق سامنے لائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف یہ دعویٰ کیا جارہاہے کہ پی ڈی ایم فولادکی طرح متحد اوراس میں مکمل اتفاق رائے ہے اور دوسری جانب مریم صفدریہ کہہ رہی ہیں کہ انہیں بلاول زرداری کی ان ہائوس تبدیلی کی تجویز کا ٹی وی سے معلوم ہواہے ،یہ بھی زبان زدعام ہے کہ مولانافضل الرحمان نے اپنی اپنی سمت ہونے کی وجہ سے اتحاد کی سربراہی چھوڑنے کی بھی دھمکی دی ہے ۔
ہمایوںاخترخان نے کہا کہ حکومت کوپی ڈی ایم سے پہلے بھی کوئی خوف نہیں تھا کیونکہ اپوزیشن کی تحریک ذاتی مفادات پر مبنی ہے اورایسی تحریکوں کو عوام پذیرائی نہیں دیتے ،وزیر اعظم عمران خان ملک و قوم کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی بھرپور توجہ مرکوزکئے ہوئے ہیں۔