چودھری شجاعت حسین

کورین حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی احسن انداز میں دیکھ بھال کر رہی ہے، چودھری شجاعت حسین

لاہور (لاہور نامہ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے پاکستان میں کوریا کے سفیر مسٹر شو سنگ پیو Mr. Suh Sangpyo نے اپنی اہلیہ محترمہ من سن لی Ms. Min Sun Lee کے ہمراہ یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔

وفد میں ڈپٹی چیف آف مشن جون سیو پارک June Seo Park، اسسٹنٹ قونصلر جیونگ Jiyoung اور اویون کم Oyeon Kim شامل تھے جبکہ ملاقات میں سالک حسین ایم این اے، چودھری صباحت الٰہی اور شافع حسین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر دونوں ممالک میں باہمی تجارت کو مزید فروغ دینے اور موجودہ ملکی و عالمی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی کوریا کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، کورین حکومت کے شکرگزار ہیں کہ وہ کورونا وبا میں مبتلا اوورسیز پاکستانیوں کی احسن انداز میں دیکھ بھال کر رہی ہے۔ کورین سفیر شو سنگ پیو نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان ہمیشہ سے دوستانہ تعلقات رہے ہیں جو دن بدن مزید مضبوط ہو رہے ہیں، کورونا کی وجہ سے عالمی حالات تبدیل ہو رہے ہیں، پاکستان میں کورونا وبا کو مثبت حکمت عملی کے تحت کنٹرول کیا جا رہا ہے۔