اسلام آباد (لاہورنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی سینیٹ الیکشن کی شفافیت پر مخالفت سمجھ سے باہر ہے،شائد وہ انتخابات میں پیسے کے کلچر کو ختم نہیں کرنا چاہتی،یقین ہے پی ٹی آئی اراکین نامزد اْمیدواروں کو ووٹ دیں گے،وزیر اعظم سینیٹ انتخابات میں ووٹ کی خرید و فروخت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ پرانے پاکستان میں لوگوں کو خریدا جاتا تھا اور اپوزیشن یہ ہی چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کی جانب سے سینیٹ الیکشن کی شفافیت پر مخالفت سمجھ سے باہر ہے، ماضی میں ہر الیکشن پر انگلی اْٹھائی گئی، ایک ایسا نظام تشکیل دینا چاہتے ہیں کہ کوئی سینیٹ الیکشن پر انگلی نہ اْٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سینیٹ الیکشن میں شفافیت کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کررہی ہے، مجھے سینیٹ الیکشن کیلئے وزیر اعظم نے دوسری بار ٹکٹ دیا جو اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمیں قانون سازی سے متعلق مشکلات کا سامنا رہا، سینیٹ میں ہماری اکثریت سے قانون سازی میں درپیش رکاوٹیں دور ہوجائیں گی، اپوزیشن یہ فرق ختم کرنا چاہتی ہے جو ہم ہیں وہی وہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیسے کا کلچر ختم ہوگا تو عام لوگوں کو عوام کی خدمت کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ شائد اپوزیشن انتخابات میں پیسے کے کلچر کو ختم نہیں کرنا چاہتی۔ انہوں نے کہا کہ یقین ہے پی ٹی آئی کے اراکین پارٹی کے نامزد اْمیدواروں کو ووٹ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سینیٹ انتخابات میں ووٹ کی خرید و فروخت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔