لاہور(لاہور نامہ) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ فروری،مارچ،اپریل اور مئی بھی گزر جائے گا اور جون میں بجٹ بھی موجودہ حکومت ہی پیش کرے گی، سب دیکھ لیں گے کہ حکومت اپنی آئینی مدت کا آخری دن بھی پورا کرے گی، لا نگ مارچ اپوزیشن کے بس کی بات نہیں۔
ہم اب بھی کہتے ہیں کہ مڈٹر م انتخابات نہیں ہوں گے، حکومت مضبوط اور مستحکم ہے۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ حکومت کے خلاف تاریخ پر تاریخ دینے کے سوا پی ڈی ایم سے کچھ نہیں ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے باہر ناکام اپوزیشن پارلیمنٹ کے اندر بھی ناکام ہی ہوگی۔
اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے نہ تو استعفے دیئے،نہ لانگ مارچ کیااور نہ ہی اب تحریک عدم اعتماد لا سکے گی۔گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کسی صورت اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اپوزیشن کے پاس حکومتی مینڈیٹ تسلیم کر نے کے سوا اب کوئی آپشن نہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچانے کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے۔چوہدری محمد سرور نے کہا کہ الحمدللہ موجود حکومت تمام شعبوں کی مضبوطی کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ملک کو آگے بڑھانے سے روکنے کی سازشیں کرنیوالے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ حکومت اور اتحادی متحد ہیں مگر پی ڈی ایم میں درجنوں مختلف مؤقف ہیں سیاسی مخالفین کے پاس کوئی نظر یہ اوراصول نہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو درست سمت میں لے کر جارہے ہیں جو اپوزیشن جماعتوں سے برداشت نہیں ہو رہا۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن یہ سمجھتی ہے کہ وہ اپنی احتجاجی سیاست اور انتشار پیدا کر کے حکومت کو دباؤ میں لے آگئی تو ایسا کسی صورت نہیں ہوگا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے شفاف اور بلا تفر یق احتساب ضروری ہے اور حکومت کی دو ٹوک واضح پالیسی ہے کہ ملک میں احتساب کو بر یک لگے گی نہ ہی حکومت اپنے موقف سے پیچھے ہٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت نے عوام سے جو بھی وعدے کیے ہیں ان کو پورا کیا جائے گا۔