لاہور( لاہور نامہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیر اعلی آفس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کا 6واں اجلاس منعقد ہوا جس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پنجاب میں جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ـ
وزیر اعلی عثمان بزدار نے منصوبوں پر تیزرفتاری سے کام کرنے کا حکم دیا اور پی پی پی پراجیکٹس کے لئے پراسیس کی مدت کو کم سے کم کرنے کی ہدایت کی. وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ منصوبے کی منظوری سے لیکر آن گراؤنڈ آنے تک کی مدت کو کم سے کم کیا جائےـ
منظوری سے 90 روز بعد منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے حوالے سے ٹائم لائن پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہو گاـ فلاح عامہ کے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کروں گاـ جن محکموں میں امور زیر التواء ہیں ان کی رپورٹ آج ہی مجھے پیش کی جائےـ
پی پی پی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا ہر 7 روز بعد جائزہ لوں گا ـ جس محکمے میں بھی کام بلا جواز رکا ہے، وہاں اب ایکشن ہوتا نظر آئے گاـ بلا جواز تاخیر کرنے والے محکموں کو اب کام کر کے دکھانا ہو گاـانہوں نے کہا کہ منصوبے کی ہر سٹیج کے حوالے سے ٹائم لائن مقرر کی جائےـ
اتھارٹی ہر ماہ ٹارگٹس کا کیلنڈر تیار کرے اور پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائےـوزیراعلی نے ہدایت کی کہ راولپنڈی رنگ روڈ کے منصوبے کو جلدشروع کیا جائے ـ اس منصوبے پر پی پی پی موڈ میں تقریبا 40 ارب روپے کی لاگت آئے گیـانہوں نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ تحریک انصاف کی حکومت کا ایک اور میگا منصوبہ ہےـ
رنگ روڈ بننے سے راولپنڈی کے شہریوں کے ٹریفک مسائل حل ہوں گے ـعلاقے میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گیـحکومت منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے پوری سپورٹ فراہم کرے گیـوزیر اعلی عثمان بزدار نے پی پی پی موڈ میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر بھی کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کیا.
اجلاس میں پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے پر امجد علی اعوان کی تقرری کی منظوری دی گئی ـچیف ایگزیکٹو آفیسر کی تنخواہ کے لئے ٹرمز اینڈ کنڈیشنزکی بھی اصولی منظوری دی گئی تا ہم سلیکشن بورڈ قواعد و ضوابط کی روشنی میں اس ضمن میں حتمی فیصلہ کرے گا.
اجلاس میں پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کے5 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی. اجلاس میں سیکرٹری پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ ڈاکٹر فرخ نوید نے منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی ـ
مشیر وزیر اعلی ڈاکٹر سلمان شاہ ، اراکین اسمبلی میاں شفیع محمد ، خدیجہ عمر ، چیف سیکرٹری ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، اقتصادی ماہرین، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی.