لاہور(لاہور نامہ) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پاکستان مسلم لیگ کے سینیٹ کیلئے امیدوار کامل علی آغا نے ان کے چیمبر میں ملاقات کی .
جس میں ارکان صوبائی اسمبلی ساجد احمد خان بھٹی، میاں شفیع محمد، ڈاکٹر محمد افضل، چودھری احسان الحق، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک بھی شریک تھے۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے اتحادی اور حکومت مل کر محنت کر رہے ہیں، انشاء اللہ پاکستان مسلم لیگ اور حکومتی امیدوار کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا سینیٹ کا الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہونا جمہوریت کا حسن ہے اس سلسلے میں ہمارے اپنے ہم خیال دوستوں سے رابطے جاری ہیں، سینیٹ الیکشن کی وجہ سے سیاسی ماحول خوشگوار ہوا ہے۔
کامل علی آغا نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو سینیٹ انتخابات کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔