اسلام آباد (لاہور نامہ)پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے اور کسی بھی مس ایڈوینچر کی صورت میں ہمارا جواب فوری اور مؤثر ہوگا۔
ہفتہ کو آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 2 سال مکمل ہونے پر ایئرہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایک تقریب منعقد ہوئی جہاں پاک فضائیہ کے طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا جبکہ طلبہ نے ملی نغمے بھی پیش کیے۔
اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرمارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ 27 فروری نہ صرف پاک فضائیہ کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے بلکہ یہ ملک کی تاریخ کے لیے بھی اہم ہے، اس تاریخی دن پاک فضائیہ نے ایک بار پھر اپنی شاندار صلاحیت کو منوایا اور ان حملہ آوروں کو ناکام بنایا جنہوں نے غلط اندازہ لگا کر ہماری خودمختاری کو للکارا تھا۔
پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ پاک فضائیہ نے اس طرح جواب دیا جس پر ہماری قوم کو فخر ہے، ہم نے فضا میں اپنی بالادستی قائم کی، میں آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں پاک فضائیہ کے تمام جوانوں کی جانب سے دکھائی جانے والی پیشہ وارانہ مہارت، بہادری اور عزم کی تعریف کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک ہے اور اس کی مسلح افواج ہر قیمت پر اپنے ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی و علاقائی امن خاص طور پر افغانستان، مشرق وسطیٰ کے لیے ہماری کوششیں اور اقوام متحدہ کے امن مشنز کو عالمی برادری کی جانب سے تسلیم کیا جارہا ہے۔
ایئر چیف نے کہا کہ امن کا ایسا ہی مظہر دنیا نے تب دیکھا جب حکومت پاکستان نے پکڑے گئے بھارتی پائلٹ کی غیرمشروط واپسی کی، تاہم میں یہاں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہماری امن کی کوشش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں ہمارا جواب فوری، پختہ اور غیرمتزلزل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 وبا کے چیلنجز کے باوجود پاک فضائیہ امن برقرار رکھنے اور جارحیت کو ناکام بنانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، وبا کے دوران پاک فضائیہ کا عزم قابل دید تھا، ہماری بہتر حکمت عملی، کامیابی عملداری اور ٹیم ورک فائدہ مند ثابت ہوا۔
دوران خطاب پاک فضائیہ کے سربراہ نے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو قومی دفاع کا مقدس فرض ادا کرنے پر فخر کرنا چاہیے، ہمیں ہمیشہ تیار رہنا چاہیے، یاد رکھیں پاکستان مختلف چیلنجز کا مقابلہ کر رہا ہے جو برقت جواب کی ہماری صلاحیت کا مطالبہ کرتے ہیں،
ہمیں زمین اور فضا پر دفاع کے لیے تیار رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ اپنی تمام صلاحیتوں کو عملی جامہ پہنانے اور مقامی سطح پر کوششوں کے ذریعے جدیدیت کے حصول کے لیے مستقل کوششیں کر رہی ہے۔پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا ہم اپنے مقدس وطن کی حفاظت اور اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر حاصل ہونے والی آزادی کے دفاع کا عہد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں یہ اعادہ کرتا ہوں کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور حق خود ارادیت کیلئے ان کی جدوجہد کے ساتھ کھڑے ہیں، وقت آگیا ہے کہ وہاں ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے جاری پابندیوں اور لاک ڈاؤن کا خاتمہ ہو۔