لاہور(لاہور نامہ)پاکستان تحریک انصاف سمن آباد ٹائون حلقہ این اے 126کی صدر شگفتہ سجاد نے کہا ہے کہ یہ طے ہو چکا ہے کہ پاکستان میں اب ماضی کا کرپشن ماڈل نہیں چلے گا ،
ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے حکومت ،قوم اورتمام اداروں میں مکمل ہم آہنگی ہے ، حکومت کو سیاسی کسمپرسی کی شکار اورشکست خوردہ اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)ور پیپلز پارٹی کا ایک ہی واویلا ہے کہ انہیں کسی نہ کسی طرح کرپشن کیسز سے ریلیف مل جائے لیکن دنیا ادھر کی ادھر تو ہو سکتی ہے تحریک انصاف کی حکومت احتساب کے اصولی نظرئیے اور موقف سے پیچھے نہیں ہٹ سکتی ،
یہ طے ہو چکا ہے کہ پاکستان میں اب ماضی کا کرپشن ماڈل نہیں چلے گا ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے وژن اور عزم سے جس طرح ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالا ہے.
عالمی ادارے بھی اس کے معترف ہیں البتہ اپوزیشن نے اپنی آنکھوں پر بغض اور حسد کی پٹی پابند رکھی ہے اور میں نہ مانوں کا بیانیہ پروان چڑھایا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایک دوسرے کے پیٹ پھاڑنے اور سکیورٹی رسک قرار دینے والے آج بغلگیر ہیں لیکن قوم ان کے چہرے نہیں بھولی اور وقت آنے پر ان کا محاسبہ بھی کرے گی ۔