اسلام آباد (لاہور نامہ)کویت کے وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد نصر المحمد الصباح نے وزارتِ خارجہ میں وفد کے ہمراہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
بدھ کو وزیرخارجہ نے کویتی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کو وزارتِ خارجہ تشریف آوری پر خوش آمدید کہا،وزیر خارجہ نے کویتی وزیر خارجہ کو دوبارہ منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ ایک لاکھ سے زائد پاکستانی کویت میں مقیم ہیں جو کویت کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں ،ہم نے اپنی جغرافیائی سیاسی ترجیحات کو جغرافیائی معاشی ترجیحات میں تبدیل کیا ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ جنوری میں کویت کے اسسٹنٹ فارن منسٹر پاکستان تشریف لائے ان کے ساتھ کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے مفید گفتگو ہوئی ۔
انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان اور کویت کے مابین پانچویں مشترکہ وزاراتی کمیشن کے جلد انعقاد کے خواہشمند ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان، کویت کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کا خواہاں ہے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان خلیج تعاون کونسل کے ارکان کے درمیان بہتر تعلقات کیلئے کویت کے مثبت کردار کو تسلیم کرتا ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم بیرونی سرمایہ کاروں کو کاروبار میں سرمایہ کاری کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کر رہے ہیں ـاسی وجہ سے کاروبار میں سہولت فراہم کرنے والے ممالک کے حوالے سے پاکستان کی درجہ بندی میں کافی حد تک بہتری آئی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ہم کویتی کاروباری کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے خوش آمدید کہیں گے مخدوم شاہ محمود قریشی ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور کویت کے مابین توانائی، صحت،ٹیکنالوجی، تعلیم اور دفاع کے شعبے میں دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں توقع ہے کہ کویت اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے، 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے طور پر منانے کی تجویز کو آگے بڑھانے میں معاونت کریگا ۔
وزیر خارجہ نے کویتی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور علاقائی امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔ انہوںنے کہاکہ ہندوستان، نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ نہتے مسلمانوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ بھارت، ڈومیسائل قوانین میں ترمیم کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کے یہ اقدامات عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان، مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں شہریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے کویت سمیت عالمی برادری سے مثبت کردار کا متقاضی ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وزیر خارجہ نے نیامے نائجر میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر کشمیر کے حوالے سے قرارداد کی حمایت پر کویتی حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتا چلا آ رہا ہے جسے عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان، افغانستان سمیت پورے خطے میں امن و امان کیلئے اپنی کاوشیں بروئے کار لاتا رہے گا ،پاکستان مسلمان ممالک کے درمیان یکجہتی کو مضبوط بنانے کیلئے کویت کی کوششوں کا حامی ہے۔
کویتی وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کویت، پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کے فروغ کا متمنی ہے ۔ کویتی وزیر خارجہ نے کہاکہ کویت کی تعمیر و ترقی میں، کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، کا کردار قابل تحسین ہے ۔
انہوں نے کہاکہ کویتی وزیر خارجہ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعاون کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔