سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان، اسلام آباد میں خیرمقدمی بورڈز آویزاں

اسلام آباد:سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی تیاریاں نہایت زور و شور سے جاری اپنے آخری مراحل طے کررہی ہیں۔ولی عہد کے پہلے دورہ پاکستان کے حوالے سے نہ صرف مقامی ذرائع ابلاغ نہایت پرجوش دکھائی دے رہے ہیں بلکہ سعودی عرب کے اخبارات میں بھی شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ شہ سرخیوں کے ساتھ شائع کیا جا رہا ہے۔جدہ سے شائع ہونے والے قدیم ترین سعودی اخبار المدینہ نے گزشتہ روز لکھا ہے کہ ولی عہد کے دورہ اسلام آباد کی خوشی میں مرکزی شاہراہوں پر خیر مقدمی بینرز اور بورڈ آویزاں کیے گئے ہیں۔عربی زبان میں شائع ہونے والے اخبار المدینہ نے آویزاں بورڈز کی تصاویر کے ساتھ لکھا ہے کہ ان پر تحریر ہے کہ محمد بن سلمان، ہمارے دلوں میں ہیں۔اخبار کے مطابق پاکستانی حکومت اور عوام ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اس تاریخی دورے کو بڑی اہمیت دے رہے ہیں۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے پہلے دورہ پاکستان کو نہ صرف پاکستان اور سعودی عرب میں خاصی اہمیت کا حامل سمجھا جارہا ہے بلکہ تمام جنوبی ایشیائی ممالک سمیت امریکہ اور یورپ بھی ان کے دورے کو نہایت اہم قرار دے رہے ہیں۔