اسلام آباد (لاہور نامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پریگمیٹک پالیٹکس میں آصف علی زرداری کے سامنے سب بچے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو آج تک جو بھی ٹارگٹ ملا انہوں نے پورا کیا۔اپنے بیان کے حق میں دلیل دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انہیں ٹارگٹ ملا کہ انہوں نے فاروق لغاری کے لیے ووٹ لینے ہیں اور انہیں صدر بنانا ہے،
آصف زرداری نے یہ ٹارگٹ پورا کیا۔اعتزاز احسن نے کہا کہ ان کا ٹارگٹ تھا کہ انہوں نے خود صدر بننا ہے، اسٹیبلشمنٹ سمیت ہر کوئی ان کے خلاف تھا مگر تمام تر مشکالت کے باوجود انہوں نے نمبرز پورے کیے اور صدر بنے۔
انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم میں ایسے ایسے لوگ موجود ہیں جو کہتے تھے کہ میری جائیداد یہاں بھی نہیں اور وہاں بھی نہیں اور ان لوگوں پہ کئی کئی مقدمات بنے ہوئے ہیں۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ پی ڈی ایم کے کچھ لوگ ایسی بڑی بڑی بیماریاں بنا کر لندن چلے جاتے ہیں، میاں صاحب نے ایسی بیماری بنائی کہ ہر کوئی سانس روکے بیٹھا تھا کہ اف اللہ میاں صاحب کو جہاز میں بیٹھاؤ اور لندن پہنچاؤ۔