کورونا ویکسین

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کورونا ویکسین بارے عوام کے نام اہم پیغام

لاہور(لاہور نامہ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے عوام کے نام اپنے پیغام میں کہاہے کہ 10مارچ کو کوروناویکسین لگوانے والے بزرگ شہری یکم اپریل کو دوبارہ ویکسین لگوائیں۔

کوروناویکسین کی دوسری ڈوزلگوانے والے بزرگ شہری پہلی ڈوزلگوانے والے ویکسینیشن سنٹرپر تشریف لے کرجائیں۔کوروناویکسین کی دوسری ڈوزلگوانے والے بزرگ شہریوں کی سہولت کیلئے اتواروالے دن بھی ویکسینیشن سنٹرزکھلے رہیں گے۔

صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ پہلی ڈوزلگوانے والے بزرگ شہریوں کو دوسری ڈوز21دن بعد بائیسویں دن لگے گی۔دوسری ڈوزلگوانے والے شہریوں کو میسج موصول نہ ہونے کی صورت میں بھی بائیسویں دن ویکسین لگادی جائے گی۔

ویکسینیشن سنٹرزپر وافرمقدارمیں کوروناویکسین دستیاب ہے۔بزرگ شہریوں کی سہولت کیلئے صوبہ بھرمیں 126کوروناویکسینیشن سنٹرزقائم کئے گئے ہیں۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب بھرمیں روزانہ تقریباً20ہزار کے قریب بزرگ شہریوں کو کوروناویکسین لگائی جارہی ہے۔

چین سے ویکسین کی10لاکھ ڈوز جلد پاکستان پہنچ رہی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ پنجاب میں کوروناویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے۔50سال عمر سے زائدافرادکی رجسٹریشن کا عمل شروع کردیاگیاہے۔محکمہ صحت پنجاب صوبہ بھرمیں کوروناوائرس پر قابوپانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کارلارہاہے۔