متحدہ عرب امارات

شاہ محمود قریشی کی متحدہ عرب امارات کے سینئر وزیر سے ملاقات

ابو ظہبی (لاہورنامہ)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے سینئر وزیر اور بین الاقوامی ایکسپو 2020 کے کمشنر جنرل، شیخ نہان بن مبارک النہیان کے ساتھ ملاقات کی.

جس میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔متحدہ عرب امارات کے سینئر وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور انہیں یو اے ای آمد پر خوش آمدید کہا۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، متحدہ عرب امارات کے ساتھ، کئی دہائیوں پر محیط، برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہےـوزیر خارجہ نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے شیخ نہیان بن مبارک النہیان کی خصوصی کاوشوں کو سراہا۔

وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے دوران ،یو اے ای حکومت کی جانب سے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا خصوصی خیال رکھنے پر شیخ نہان بن مبارک النہیان اور اماراتی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔وزیرخارجہ نے اماراتی وزیر کو، اپنے گذشتہ روز کیے گئے دورہ ایکسپو 2020 ،کی بابت آگاہ کرتے ہوئے، بہترین انتظامات پر مبارکباد دی۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ایکسپو 2020، میں، قابلِ رشک، پاکستانی پویلین کا قیام، پاکستان اور امارات کے بڑھتے ہوئے برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے ،انشاء اللہ پاکستان شایانِ شان طریقے سے، اکتوبر میں منعقدہ اس بین الاقوامی نمائش (ایکسپو 2020) میں شرکت کریگا۔اماراتی سینئر وزیر نے،متحد عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں،یہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کی۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔