لاہور (لاہورنامہ) انجمن ہلال احمر پاکستان کی طرف سے لاہور جنرل ہسپتال میں کورونا کے محاذ پر خدمات سر انجام دینے والے ڈاکٹرز اور میڈیکل سٹاف کے لئے اعلیٰ کوالٹی کے 5ہزار این 95ماسک عطیہ کیے گئے ہیں تاکہ اس خطرناک وبا کا سامنا کرنے والوں کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنایا جا سکے۔
چیئرمین ریڈ کریسنٹ ابرار الحق نے یہ سامان پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کے حوالے کیا اور انہیں آئندہ بھی اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ کورونا کے مریضوں کے علاج معالجے اور اُن کی جانیں بچانے کے لئے ڈاکٹرز اور میڈیکل کمیونٹی دن رات محنت اور چٹان کی طرح مضبوط ارادے کے ساتھ پیشہ وارانہ فرائض سر انجام دے رہی ہے۔
انہوں نے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے کردار کی تعریف کی جو قدرتی آفات اور بیماریوں کی شکل میں ہمیشہ اپنے ہم وطنوں کی فراخ دلی ساتھ مدد میں پیش پیش رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو خون کے عطیات دینے کا معاملہ ہو،غریب مریضوں کیلئے عطیات کی فراہمی یا کورونا وائرس جیسے مہلک وبا،پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اپنی قومی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔
پرنسپل پی جی ایم آئی نے اعلیٰ کوالٹی کے این 95ماسک کے عطیہ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امر کا اعادہ کیا کہ اُن کا ادارہ کورونا کے محاذ پر ڈٹ کر کام کرتا رہے گا۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق اور دیگر انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔
چیئرمین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی ابرار الحق کا کہنا تھا کہ اُن کا ادارہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنے میں دن رات مصروف عمل ہے اور وہ اس سوسائٹی کو موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بالخصوص کورونا سے نمٹنے کے لئے انجمن ہلال احمر نے مختلف ہسپتالوں اور اداروں کو مدد بہم پہنچائی ہے جس سے کورونا کے مریضوں کو بڑے پیمانے پر ریلیف ملے گا۔ ابرار الحق نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اور لاہور جنرل ہسپتال کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر مسرت ہوئی ہے کہ یہاں انتہائی جدید اورسائینٹیفک طریقے سے آن لائن آگاہی کا سسٹم وضع کیا گیا ہے .
جس سے مریضوں کو گھر بیٹھے کورونا وبا سے بچاؤ کی تدابیر اور تفصیلی معلومات مل رہی ہیں۔ اس موقع پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر اور چیئرمین ابرار الحق کے مابین صحت کے شعبے سے متعلق اہم معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔