عمران خان کا چینی ہم منصب سے رابطہ

عمران خان کا چینی ہم منصب سے رابطہ ، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

اسلام آباد / بیجنگ(لاہورنامہ)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات کو ”آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ” میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے چینی ہم منصب لی کی کیانگ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ اور کورونا ویکسین کے تعاون پرتبادلہ خیال کیا، وزیر اعظم عمران خان نے مریخ پر چینی خلائی جہاز کی کامیاب لینڈنگ پرمبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور چین نے اپنے تعلقات کو ”آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ” میں تبدیل کردیا، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نے معاشی سرگرمی، روزگار پیدا کیا،اس سے دوطرفہ اور علاقائی تجارت میں مزید اضافہ ہوگا۔

وزیر اعظم نے کورونا ویکسین کی فراہمی اور پاکستان میں ویکسین تیار کرنے کی سہولت دینے پر چین کا شکریہ ادا کیا اور اسٹریٹجک تعاون مضبوط کرنے کے لئے اعلی سطح کے تبادلے کی ضرورت پرزور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاک چین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کی تصدیق کی۔

وزیر اعظم نے پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے حوالے سے چینی وزیر اعظم کو مبارکباد پیش کی جسے دونوں فریق مناسب انداز میں منائیں گے۔