لاہور(لاہورنامہ) میوہسپتال لاہور میں سکیورٹی گارڈ کا مریضہ کا آپریشن کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروادی گئی ۔
مسلم لیگ(ن)کی رکن حناپرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہاگیا ہے کہ میو ہسپتال میں سیکیورٹی گارڈ کی جانب سے خاتون مریضہ کا آپریشن کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ہسپتال میں ڈاکٹرز کی عدم موجودگی پر سیکیورٹی گارڈ نے مریضہ کا آپریشن کیا۔ سکیورٹی گارڈ نے خود ہی خاتون مریضہ کی سرجری کر ڈالی جس کے بعد دو روز سکیورٹی گارڈ مریضہ کے گھر جاکر پٹی کرتا رہا مریضہ کا خون بند نہ ہونے سے حالت بگڑ گئی۔
مریضہ کو دوبارہ ہسپتال لایا گیا جس پر اصل حقیقت کھل کر سامنے آئی۔ قرار داد میں مطالبہ کیاگیا کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور تحقیقات میں ہسپتال کے ایم ایس اور وارڈ انتظامیہ کو بھی شامل تفتیش کیا جائے۔