عاصم سلیم باجوہ

گوادر پورٹ پوری طرح آپریشنل ہے اور ٹریفک بڑھانے پر توجہ دے رہے ہیں، عاصم سلیم باجوہ

گوادر (لاہورنامہ) پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا،

سامان کی ترسیل کیلئے آن لائن بکنگ کی جا سکتی ہے، گوادر سٹی کا ماسٹر پلان بھی منظور ہو چکا ہے، گوادر پورٹ پوری طرح آپریشنل ہے اور پورٹ ٹریفک بڑھانے پر توجہ دے رہے ہیں، گزشتہ ڈھائی سال کے دوران فری زون اور پورٹ نے 12 سو ملازمتیں پیدا کیں،

گوادر فری زون کا دوسرا فیز 2 ہزار 21 ایکٹر پر محیط ہے، فیز 2 کے لیے بھرپور انداز میں تیاری ہورہی ہے۔ پیر کو چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے گوادر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر پورٹ کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے اور اب گوادر پورٹ کے ذریعے سامان کی ترسیل کیلئے آن لائن بکنگ کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک سے شپس آنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، بدھ کو آسٹریلیا سے شپس آرہا ہے جو افغان ٹرانزٹ اینڈ ٹریڈکے تحت آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورٹ کی بلڈنگ کیپسٹی مکمل ہو چکی ہے، کسٹم کا وی بکس سسٹم کام کر رہا ہے جبکہ لاجیسٹک کمپنیز کے اپنے آفسز یہاں پر قائم کرلئے ہیں۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے کہا کہ گوادر پورٹ فری زون پہلا فیز تھا جو 60ایکڑ پر محیط تھا اور اسے مکمل کرلیا گیا ہے، 46انٹرپرائز رجسٹرڈ ہوئے، 12فیکٹریاں شامل تھیں اور 12 میں سے 6فیکٹریاں مکمل ہو چکی ہیں اور 3 آپریشنل ہیں، 12ہزار نوکریاں دی گئی ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان نے بھی نوکریاں فراہم کرنے کیلئے خصوصی ہدایات دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر میں چین کے تعاون سے ہسپتال بن رہا ہے اور گوادر سٹی کا ماسٹر پلان منظور ہو چکا ہے جبکہ گوادر فری زون ٹو کی تیاری جاری ہے اور وزیراعظم عمران خان اسی سال اکتوبر میں فیز ٹو کا افتتاح کریں گے۔